ڈی جی آئی ایس آئی آج ریٹائر، اب کس کو اس اہم ترین عہدے پر تعینات کیا جائے گا؟ بڑی خبر آگئی

راولپنڈی ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار آج (یکم اکتوبر) کو ریٹائر ہورہے ہیں جبکہ ان کی جگہ ڈی جی ایم آئی کو ان کے عہدے پر تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

ڈی جی آئی ایس لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سمیت پاک فوج کے پانچ تھری سٹار جنرلز آج (یکم اکتوبر) کو اپنے عہدوں سے ریٹائرڈ ہوجائیں گے ۔ جو افسران آج ریٹائرڈ ہورہے ہیں ان میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ، آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ (اے ایس ایف سی) کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل میاں محمد ہلال حسین، جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کے ملٹری سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایوالوایشن جی ایچ کیو، لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس اہم ترین عہدے پر تعیناتی کیلئے وزیراعظم اور آرمی چیف میں مشاورت مکمل ہوچکی ہے اور قوی امکان ہے کہ ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کو اس عہدے پر تعینات کردیا جائے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل پاک فوج میں ترقیوں کے باعث ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیر اعظم کی صوابدید ہے اور ادارہ بھی قانون کے تحت وزیراعظم کے ماتحت اور انہی کو جوابدہ ہے تاہم وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مشاورت کر کے سب سے اہم تقرر کے بارے میں فیصلہ کریں گے، سبکدوش ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار دسمبر 2016 کو ڈی جی آئی ایس آئی مقرر ہوئے تھے اس سے پہلے وہ کراچی کور کے کمانڈر تھے، وہ تقریباً پونے دو سال اس منصب پر فائز رہے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ڈی جی ایم آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر سمیت لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی اور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر میں سے کسی ایک افسر کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کیا جا سکتا ہے۔ تینوں افسران مختلف کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر فائز رہنے کے علاوہ انٹیلی جنس کا خاطر خواہ تجربہ رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں