الیکشن کمیشن نے امیر تحریک لبیک پاکستان کو طلب کرلیا

اسلام آباد(سحر نیوز) امیر تحریک لبیک پاکستان کو الیکشن کمیشن نے طلب کرلیا۔تحریک لبیک پاکستان کے امیر کو رجسٹریشن و فنڈنگ سے متعلق کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ہفتہ قبل حکومت نے تحریک لبیک کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا تھا ۔اس کریک ڈاون کے دوران سب سے پہلے مولانا خادم رضوی سمیت اشرف آصف جلالی اور پیر افضل قادری کو گرفتارکیا۔
مولوی خادم رضوی کے بیٹے نے اپنے والد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کی شام کو تحریک لیبک کی تمام تر ضلعی قیادت کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے ہزاروں کارکنان کو بھی دھر لیا گیا تھا۔جس کے بعد مختلف علاقوں میں مزاحمت اور توڑ پھوڑ کے چھوٹے موٹے واقعات سامنے آئے تاہم بڑے پیمانے پر احتجاج نہ ہو سکا ۔

اس سارے معاملے میں انتظامیہ نے بہترین اور مستعد کردار ادا کرتے ہوئے اس سارے معاملے کو اچھے طریقے سے نمٹایا۔

ایک جانب تحریک لبیک کی تمام تر قیادت نظر بند ہے تو دوسری جانب الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک کے امیر خادم رضوی کو طلب کر لیا۔الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان کی رجسٹریشن و فنڈنگ سے متعلق کیس میں جماعت کے امیر کو 5 دسمبر کو طلب کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان کی رجسٹریشن و فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ابتدائی سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان کے امیر کی طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ ٹی ایل پی کے امیر 5 دسمبر کو پیش ہوں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں