اسلام آباد
وزیر اعظم آزادکشمیر وصدر مسلم لیگ ن (PML N) راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ضلعی تنظیم کی سفارشات اور کارکنان سے مشورے کے بعد مسلم لیگ ن (PML N) آازدکشمیر نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ راولاکوٹ کے ضمنی الیکشن میں حصہ لے گی، سردار خالد ابراہیم کی نشست پر الیکشن لڑنا ایک مشکل فیصلہ تھا مگرجماعتی مفاد اور کارکنان کی آراء کو مدنظر رکھ کر بھرپور مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ، حکومت ضمنی انتخابات میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہے گی ، کارکنان آپس میں اتحاد واتفاق قائم رکھیں ، انشاء کامیابی آپ کے قدم چومے گی، انتخابی مہم چلائی جائے مگر سردار خالد ابراہیم اور ان کے خاندان کے خلا ف کسی قسم کی بیان بازی یا اختلافی بات نہ کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن (PML N) آزادکشمیر کے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کے بعد راولاکوٹ شہر سے تعلق رکھنے والے کارکنان وعہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ ن (PML N) کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت صدر مسلم لیگ ن (PML N) آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کی جبکہ اجلاس میں مسلم لیگ ن (PML N) آزادکشمیر کے پارلیمانی بورڈ سپیکر قانون ساز اسمبلی و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر، سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر و سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز، وزیر قانون،وزیر صحت عامہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، انصاف وپالیمانی امور سردار فاروق احمد طاہر، وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس، ممبران کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی اور ملک پرویز اعوان، مرکزی رابطہ سیکرٹری مسلم لیگ ن ملک ذوالفقار نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف امیدواران کا بھی انٹرویو لیا گیا اور سینئر جماعتی عہدیداران سے بھی رائے لی گئی جس کے بعد راولاکوٹ شہرحلقہ نمبر3 سے آنے والے سینکڑوں سینئر لیگی کارکنان کی موجودگی میں صدر مسلم لیگ ن (PML N) آزادکشمیر نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیاجس کا بھرپور تالیاں بجا کر کارکنان نے خیر مقدم کیا۔ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس تین گھنٹے جاری رہا جس کے بعد وزیر اعظم آزادکشمیر نے راولاکوٹ شہر کے کارکنوں اور رہنماؤں سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے ہجیرہ میں تجزیہ نگاروں کے اندازے غلط ثابت کیے اس حلقہ سے ن لیگ نے کبھی الیکشن میں حصہ نہیں لیا لیکن یہاں سے بھی حیران کن نتائج دیں گے۔ ٹکٹ کی حتمی منظوری سفارشات صدر مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف کو بھجوا دی ہیں جن کی منظور ی کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائیگا لیکن ا س سے قبل تمام خواہش مند امیدواران کاغذات جمع کروا دیں اور ٹکٹ کا فیصلہ جب کسی ایک کے حق میں ہو جائے تو باقی امیدوارن اپنے کاغذات واپس لے لیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن قائد اعظم کی وارث اورپاکستان کی خالق جماعت ہے ،دوقومی نظریے کی ترویج کیلئے اسے آزادکشمیر میں ہم نے بنایا ، اس جماعت کے پاس قائد اعظم کا پرچم ہے ، آپ سب اتحاد کا مظاہرہ کریں تو جماعت یہ انتخاب بھاری اکثریت سے جیتے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کے حضور دعا کریں اور کمپین کیلئے نکل جائیں ۔ ذات پات اوربرادری سے نکل کر عوام کے مفاد کی بات کریں اور بھرپور محنت کریں انشاء اللہ رب العزت محنت کا پھل دینگے ۔ اجلاس میں سردار خالد ابراہیم مرحو م کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی
