سڈنی (سحر نیوز) آسٹریلوی ریاست نیو ساﺅتھ ویلز کی پولیس نے پاکستانی نژاد کرکٹر عثمان خواجہ (Usman Khawaja) کے بھائی ارسلان خواجہ کو ساتھی طالب علم کو دہشت گردی کے الزام میں پھنسانے کی کوشش کرنے پر گرفتار کرلیا ہے۔آسٹریلیو ی میڈیا کے مطابق عثمان خواجہ (Usman Khawaja) کے بھائی ارسلان خواجہ نے سڈنی پولیس کو ایک نوٹ بک فراہم کی تھی جس میں سابق وزیر اعظم میلکولم ٹرنبل سمیت اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ سڈنی اوپرا جیسے معروف تاریخ مقامات کو تباہ کرنے کا بھی پلان موجود تھا، ان معلومات کی بنیاد پر پولیس نے اگست2018ءمیں سر ی لنکا سے تعلق رکھنے والے 25سالہ پی ایچ ڈی کے طالب علم قمر نظام الدین کوگرفتار کرنے کے بعد 4ہفتے قید تنہائی میں رکھا تھا ۔
تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ39سالہ ارسلان خواجہ نے ایک خاتون کے معاملے پر قمر نظام الدین کے ساتھ ذاتی رنجش کی بنیاد پر جھوٹی کہانی تراشی اور دھوکہ دہی کرتے ہوئے ساتھی طالب علم کو مشکلات میں ڈالنے کی کوشش کی جس کے فوری بعدسڈنی پولیس نے آج صبح ارسلان کو گرفتار کرکے ان پر انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ اور دھوکہ دہی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں جب کہ ارسلان کی درخواست ضمانت بھی مسترد کردی گئی ہے۔
سڈنی پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر مک ولنگ کا کہنا ہے کہ ارسلان خواجہ نے جان بوجھ کر اپنے ساتھی طالب علم کو پھنسانے کی کوشش کی، جو کچھ قمر نظام الدین کے ساتھ ہوا ، ہم اس پر بہت معذرت خواں ہیں لیکن ہم نے اس وقت دستایاب شدہ معلومات کی بنا پر ایکشن لے لیا ہے،ان کے خلاف لگائے گئے تمام تر الزامات غلط ثابت ہوئے جس پر انہیں کلیئر قرار دے دیا گیا ہے ۔