Jam Kamal

دہشت گردی میں ملوث قوم پرست لیڈروں کو بے نقاب کریں گے، جام کمال (Jam Kamal)

ماسکو: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال(Jam Kamal) اور اوورسیز پاکستانی بلوچ یونیٹی کے بانی ڈاکٹر جمعہ خان مری نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ ملک دشمن قوتوں کے آلہ کار بن کر پاکستان کے اندر دہشت گردانہ وارداتیں کرانے میں ملوث نام نہاد قوم پرست بلوچ لیڈروں کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال(Jam Kamal) سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر جمعہ خان نے یہ تجویز پیش کی کہ کراچی میں چینی قونصل خانے پر بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گردانہ حملے کے اعترافی بیانات کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھانا چاہیے جبکہ وہ خود اس بارے میں یورپی یونین پارلیمنٹ کے سامنے بھی اپنے خدشات پر مبنی سوالات اٹھائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال (Jam Kamal) اور ڈاکٹر جمعہ خان مری نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ یورپی یونین کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں میں بیداری کی تحریک شروع کر کے ایسے نام نہاد قوم پرست بلوچ لیڈروں کو پوری طرح بے نقاب کیا جائیگا جو پاکستان دشمن قوتوں کے آلہ کار بن کر اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گردی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر جمعہ خان مری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال (Jam Kamal) کو اوور سیز پاکستانی بلوچ یونیٹی یورپ کے قیام کی سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی بھی دعوت دی ، یہ تقریبات بہت جلد منعقد کی جائیں گی اور ان تقریبات میں بلوچ قوم کی نمائندہ شخصیات اور پاکستانی سیاست کے قومی دھارے میں شریک بلوچ لیڈروں کو بھی مدعو کیا جائیگا اور ان تقریبات کے تمام شرکا پاکستان دشمن قوتوں اور نام نہاد بلوچ قوم پرست تحریکوں سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کی وحدت و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کا عہد کریں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ڈاکٹر جمعہ خان مری کی پاکستان سے حب الوطنی کو سراہتے ہوئے انھیں بلوچستان کی صوبائی اور پاکستان کی وفاقی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں