Shaukat Basra

پیپلز پارٹی رہنما شوکت بسرا (Shaukat Basra) نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی وجہ بتا دی

اسلام آباد (سحر نیوز) : پیپلز پارٹی رہنما شوکت بسرا (Shaukat Basra) نے گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے شوکت بسرا نے کہا کہ الیکشن سے قبل عمران خان کی پالیسی اور ان کی حکمت عملی پر میں پہلے بھی تنقید کرتا تھا ، یہاں تک کہ میری اپنی جماعت بھی اگر کچھ غلط کرتی تھی تو میں اُس پر بھی تنقید کرتا تھا،عمران خان کا ایک جو ارادہ تھا کہ ملک سے کرپشن کو ختم کرنا ہے ، میں نے دیکھا کہ وزیراعظم بننے کے بعد بھی عمران خان نے اپنے اس ارادے کو پُختہ کیا اور ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کئے۔
عمران خان کی کرپشن پر زیرو ٹالرینس ہے، انہوں نے اپنے ہی وزرا پر چیک اینڈ بیلنس رکھا ہے۔

انہوں نے قومی خزانے کو عوام کا خزانہ سمجھا ، اسی وجہ سے میں ان کے خلوص اور عقیدت کی وجہ سے ہی ان سے متاثر ہوا۔ کوئی بھی انسان مکمل نہیں ہے لیکن میں ان سے متاثر ہوں۔ شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ میرے پاس عمران خان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔

عمران خان نے مجھ سے کہا کہ ہمیں آپ کے پارٹی میں شامل ہونے کی بے حد خوشی ہے جس کے بعد میں سوچ رہا تھا کہ میں نے عمران خان کے بارے میں جو باتیں کیں شاید مجھے نہیں کرنی چاہئیے تھیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا (Shaukat Basra) سے ملاقات کی۔ جہانگیر ترین نے شوکت بسرا سے ملاقات میں انہیں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ جہانگیر ترین کی دعوت پر شوکت بسرا نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی حامی بھر لی۔ جس کے تھوڑی دیر بعد ہی شوکت بسرا کی عمران خان سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں