چونیاں(سحر نیوز) : بینکنگ نظام کی سکیورٹی سخت کرنے کے باوجود ہیکرز (hackers) تاحال سرگرم ہیں اور شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے پیسے نکالنے کا سلسلہ بھی تاحال جاری ہے۔ حال ہی میں چونیاں کے رہائشی شخص کے بینک اکاؤنٹ سے ہیکرز (hackers) نے ایک لاکھ چالیس ہزار روپے نکال لیے جس پر متاثرہ شہری اپنا سر پکڑ کر بیٹھ گیا۔ تفصیلات کے مطابق چونیاں کے رہائشی محنت کش کوموبائل فون پربینک کی جانب سے پیغام موصول ہونے پر اس بات کا علم ہوا کہ اس کے بینک اکاؤنٹ سے رقم نکلوا لی گئی ہے۔
شہری نے وزیراعظم عمران خان ،چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار اور وزیرقانون سے نوٹس لینے اور رقم واپس دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ چونیاں کے رہائشی محنت کش یاسین سرور نے یونائیٹڈ بینک چونیاں برانچ میں اکاؤنٹ کھول رکھا تھاجس میں وہ اپنی محنت کی کمائی جمع کرتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں. ہیکرز نے اداکارہ میرا کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے نکال لیے
گذشتہ رات ایک بجے کے قریب ہیکرز (hackers) نے اس کے اکاؤنٹ سے دو مرتبہ بیس ، بیس ہزار روپے بذریعہ اے ٹی ایم کے ذریعے نکالے اور پھرایک لاکھ روپیہ راجو وال کے رہائشی خادم حسین کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیا جس کی یاسین کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع موصول ہوئی۔
متاثرہ شخص نے میڈیا کو بتایا کہ میں نے اس سلسلے میں بینک کے منیجر مسعود احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ میرے اکاؤنٹ سے ہیکرز (hackers) نے رقم منتقل کی اور بعد ازاں رقم لاہور میں وحدت روڈ پر موجود نجی بینک Summit بینک سے نکال لی۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان کے سب سے بڑے اسلامی بینک ”بینک اسلامی” پر سائبر حملہ ہوا جس کے بعد پاکستان کے کئی دیگر بینکوں پر بھی سائبر حملے کا خدشہ منڈلانے لگا۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی تصدیق کی اور بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ صافرفین کے ڈیٹا اور اکاؤنٹس کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کریں لیکن ان حفاظتی اقدامات کے باوجود تاحال شہری ہیکرز کا نشانہ بن رہے ہیں۔