Yasir Shah

جنوبی افریقی ٹیم سے کیسے نمٹنا ہے ؟ یاسر شاہ کو پلان مل گیا

لاہور(سحر نیوز) قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ (Yasir Shah) نے کہا ہے کہ وہ دورہ جنوبی افریقہ میں اچھی کارکردگی کے لیے پر امید ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے انہیں باقاعدہ پلان دیا گیا ہے جس پر وہ بھرپور عملدر آمد کرنے کی کوشش کریں گے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ باﺅلنگ کوچ اظہر محمود کے ساتھ مل کر مقامی کنڈیشنز کے حساب سے تیاری کی ہے کیوں کہ اظہر محمود کو پروٹیز وکٹوں اور گراﺅنڈز کا تجربہ ہے۔
یاسر شاہ (Yasir Shah) نے تیز ترین200وکٹوں کے حوالے سے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ انہوں نے عمران خان کو پیچھے چھوڑد یا کیونکہ وہ لیجنڈری آل راﺅنڈر ہیں۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے واحد پریکٹس میچ میں شاندار فتح حاصل کی تھی۔

بینونی میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ انوی ٹیشن 11 کو شکست دے دی۔

میچ کے تیسرے روز 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور حارث سہیل کی شاندار بلے بازی کے باعث پاکستان نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ حارث سہیل نے 73 رنز جبکہ امام الحق نے 66 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ پاکستانی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں جنوبی افریقہ میں موجود ہے اور گرین شرٹس اپنے دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کے علاوہ پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔

یہ بھی پڑھیں. اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 50 روپے کا نیا سکہ متعارف کروادیا

جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری، تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری تک کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔ (Yasir Shah)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں