اس بارایئرپورٹس اور سرحدی چوکیوں پر امیگریشن کی کارروائی صرف پندرہ سیکنڈ کے اندر انجام دی گئی
Hajj
مکّہ مکرمہ ( تازہ ترین اخبار۔ 8اگست2019ء) حج (Hajj)بیت اللہ کے آغاز میں بس ایک دِن باقی رہ گیا ہے۔ اب تک 18 لاکھ سے زائد عازمین بیرونی ممالک سے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ اُردو نیوز کے مطابق 85 ہزار سے زائد عازمین حج بُدھ کو مدینہ منورہ سےمکہ مکرمہ پہنچ گئے۔ 2ہزار بسوں پر مشتمل حاجیوں کے قافلوں کو گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے الوداع کہا۔عازمین حج (Hajj)کی سعادت نصیب ہونے کی خوشی سے سرشار تھے۔سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حج ایام سے قبل مملکت آنیوالے عازمین ،مسجد نبوی شریف کی زیارت کیلئے مدینہ منورہ پہنچے ہوئے تھے۔محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلمان الیحییٰ نے پریس کانفرنس کر کے بتایا کہ بیرون مملکت سے عازمین کی آمد کا پروگرام مکمل ہو گیا۔
18لاکھ سے زیادہ عازمین ارضِ مقدس پہنچ چکے ہیں۔امیگریشن کی کارروائی تیزی سے نمٹائی گئی۔15سیکنڈ سے زیادہ نہیں لگے۔مدینہ منورہ میں عازمین حج(Hajj) کی خدمت کرنے والے نجی ادارے ”الادلاء“ کے چیئرمین حاتم بن حمزہ بالی نے ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عازمین حج کے قافلے مدینہ منورہ سے رخصت ہو گئے۔ سب خوش ہیں کہ انہیں مسجد نبوی شریف کی زیارت نصیب ہو گئی۔ اب وہ جس مقصد کیلئے اپنا وطن اور گھر بار چھوڑ کر مملکت آئے تھے اس کا وقت قریب آچکا ہے۔جمعہ کو وہ مکہ مکرمہ سے حج(Hajj) کے سفر پر منیٰ کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔مکہ مکرمہ میں 20لاکھ سے زیادہ عازمین جمع ہو چکے۔بیشتر کا تعلق بیرونی ممالک سے ہے۔وہ جمعہ کو صبح سویرے مکہ سے منیٰ کیلئے روانہ ہوں گے جہاں وہ ظہر ، عصر ، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے۔ہفتے کو فجر کی نماز ادا کر کے میدان عرفات میں وقوف کیلئے روانہ ہوں گے۔