سابق صدر مملکت آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، نکاح کی تقریب میں آصف زرداری ، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری نے شرکت کی، سیاسی قائدین، افسران کو اسلام آباد، لاہور اور لاڑکانہ میں منعقد تقریبات میں مدعو کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق شریک چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو اور محمود چوہدری کا بلاول ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں نکاح ہوگیا، ولیمے کی تقریب کل ہوگی، نکاح کی تقریب میں آصف زرداری، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری سمیت زرداری اور چوہدری فیملی کے افراد نے شرکت کی۔
نکاح کی تقریب کے موقع پر بلاول ہاؤس کراچی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ایس ایس یو کمانڈوز نے سیکیورٹی سنبھالے رکھی، محمود چوہدری بینڈ باجوں اور شہنائیوں کے ساتھ 20 سے زائد گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ بلاول ہاؤس پہنچے۔ بتایا گیا ہے کہ بختاور بھٹو کی شادی کی اسلام آباد، لاہور اور لاڑکانہ میں بڑی تقاریب ہوں گی، اسلام آباد کی تقریب میں سیاسی جماعتوں کے قائدین، سرکاری افسران کو مدعوکیا جائےگا۔