تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک لڑکی نے اپنی سہیلیوں پر گولیاں چلا دیں۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک لڑکی دم توڑ گئی جب کہ دوسری زخمی ہو گئی،زخمی لڑکی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ملزمہ چھت پھلانگ کر آئی اور لڑکیوں پر فائرنگ کی، سہیلیوں کے درمیان کسی معاملے پر تنازع چل رہا تھا تاہم تنازع کس بات پر تھا اس بات کی تفصیلات سامنے نہیں آئی۔بتایا گیا ہے کہ ملزمہ نے دوستوں پر فائرنگ کرنے کے بعد خودکشی کی بھی کوشش کی تاہم پولیس ملزمہ کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
ملزمہ نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
پولیس نے ملزمہ سے اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ جب کہ جاں بحق ہونے والی لڑکی کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ مقدس نے شاکرہ کو منع کیا تھا کی میرے گھر مت آیا کرو کیونکہ بھائیوں کو اچھا نہیں لگتا جس پر ملزمہ نے غصے میں آکر فائرنگ کی۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد میں وارداتیں اور جرائم بڑھ گئے ہیں۔ڈاکوؤں اور چوروں کے گروہ متحرک ہوگئے ہیں ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 53 مقامات پر وارداتیں کرتے ہوئے لاکھوں کا مال وزر وگاڑیاں اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہو گئے، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود سماج دشمن کو پکڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
تھانہ منصور آباد کے علاقہ کینال روڈ سوک سنٹر کے قریب کار سوار ڈاکوئوں نے حسن مقبول کو یرغمال بنا کر شاہ کوٹ لے گئے جہاں پر اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے اڑھائی لاکھ سے زائد کی رقم نکلوائی اور پھر گٹ والا کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گئے، جڑانوالہ سٹیڈیم روڈ سے شہزاد سے 83ہزار روپے نقدی وفون، محلہ حیدر آباد گلی نمبر 3 کے قریب اقبال سے نقدی وفون، محلہ نصیر آباد کے سلیم، طیبہ فیکٹری ماشا اللہ ہوٹل کے قریب شہزاد سے 3لاکھ روپے، پنجاب ہسپتال روڈ سے وسیم سے موٹرسائیکل نقدی، اڈا کوٹاں کے قریب افضل سے نقدی، فون،سمندری روڈ رفحان ملز کے قریب ندیم سے 57 ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔