گلوکار بلال سعید نے سوشل میڈیا پر ایک مرد اور خاتون پر تشدد کرنے کے حوالے سے وائرل ہونے والی ویڈیو پر وضاحت جاری کر دی ۔فیس بک پیج پر بلال سعید نے اپنے گھر کی ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے گھر کا سامان بکھرا ہوا ہے اور کچھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار بھی ہے۔ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ جو کچھ میں نے برداشت کیا یہ اس کی صرف ایک جھلک ہے، میں نے کبھی اس حوالے سے بات نہیں کی۔
بلال سعید نے لکھا کہ لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ مشہور ہونا اعزاز نہیں بلکہ اصل میں کبھی کبھار یہ ایک مسئلے کی وجہ بھی ہوسکتا ہے۔انہوں نے لکھا کہ تشدد چاہے مرد پر ہو یا عورت پر غلط ہے لیکن خود اور اپنے پیاروں کا تحفظ میرا حق ہے اگر مجھے جسمانی اور زبانی طور پر نقصان پہنچایا اور دھمکایا جائے۔
بلال سعید نے مزید لکھا کہ اس جھگڑے پر مجھے کوئی فخر نہیں ہے لیکن میں انسان ہوں اور جو ٹارچر میں نے برداشت کیا یہ اس کا ردعمل تھا۔
انہوں نے مداحوں سے معذرت بھی کی کہ اور کہا کہ میں تشدد کی حمایت یا اسے فروغ نہیں دیتا۔بلال سعید نے ٹوئٹس بھی کیں اور کہا کہ صنف سے قطع نظر ہر انسان کو وقار اور سلامتی کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے لکھا کہ میں امن کا ماننے والا ہوں اور جب بھی کسی کی جانب سے بارہا امن غارت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو میں اپنی حدود قائم کرلیتا ہوں۔بلال سعید نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ جب بار بار کسی شخص کے وقار پر حملہ کیا جائے تو بدقسمتی سے اس کے پاس سوائے ردِ عمل کے کوئی اور راستہ نہیں بچتا۔تاہم بلال سعید نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں جھگڑے کی واضح وجہ نہیں بتائی اور رپورٹس کے برعکس انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ وہ جوڑا ان کے بھائی، بھابھی تھے یا نہیں۔