ملازمین کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے ڈنڈے برسائے جارہے ہیں، نوازشریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ نااہل حکومت عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہی ہے، ملازمین کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے ڈنڈے برسائے جارہے ہیں، کیا عمران خان اور اس کو مسلط کرنے والے جرنیل جواب دیں گے؟ انہوں نے ٹویٹر پر اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کے احتجاج پر پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اڑھائی سال سے سلیکٹڈ نااہل حکومت عوام پرمہنگائی کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔
غربت اور فاقہ کشی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی مگر حکومت بجائے ملازمین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے، ان پر ڈنڈے برسا رہی ہے۔
کیا عمران خان اور اس کو مسلط کرنے والے جرنیل جواب دیں گے؟ اسی طرح مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نوازشریف نے سرکاری ملازمین کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کے حقوق اور ان پر تشدد کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، سرکاری ملازمین پر تشدد، آنسو گیس اور گرفتاری جعلی حکومت کے اوچھے اور ظالمانہ ہتھکنڈے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی قربانیاں پاکستان میں ظالم، عوام دشمن، ووٹ چور، کمیشن خور حکومت کے خاتمے کا اعلان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال میں ظالم حکومت نے عوام بالخصوص سرکاری ملازمین کو مہنگائی کی چکی میں پیس کررکھ دیا ہے،پہلی حکومت ہے جس نے چار گنا مہنگائی کے باوجود تین سال میں ایک روپے کا سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا ۔
انہوں نے کہاکہ ہم سرکاری ملازمین کے حقوق اور ان پر تشدد کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار سرکاری ملازمین کو فی الفور رہا ، مطالبات کو تسلیم کیاجائے ، جعلی حکمران اتنا ظلم کریں، جتنا خود سہہ سکیں۔ مریم نواز نے کہاکہ 126دن اسلام آباد میں دھرنہ دینے والے سے سرکاری ملازمین کا جائز احتجاج برداشت نہیں ہورہا ۔انہوں نے کہا کہ مغربی جمہوریت کے دعویدار کا فسطائی اور آمرانہ چہرہ آج پوری قوم نے دیکھ لیا ،تنخواہوں میں اضافے اور جائز مطالبات کرنے والے ملازمین پر تشدد بے رحم، ظالم حکمرانوں کی پہچان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں